عمران خان کی اسپتال منتقلی، وکیل نے جیل حکام کو اہم خط لکھ دیا
ان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے اڈیالہ جیل حکام کو خط لکھ کر سپریم کورٹ کے حالیہ حکم پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔
وکیل کی جانب سے جیل حکام کو ارسال کیے گئے خط کے ساتھ سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کی مصدقہ نقل بھی منسلک کی گئی ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کیلئے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جاچکے ہیں۔
خالد یوسف چوہدری نے خط میں کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے تحت دو روز کے اندر عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی پابند ہے۔ انہوں نے جیل حکام سے مطالبہ کیا کہ عدالتی حکم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل اڈیالہ جیل کے سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے، جبکہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی حکم جیل حکام کو باضابطہ طور پر بھیج دیا گیا ہے۔
وکیل نے واضح کیا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے جیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں ضروری کارروائی فوری مکمل کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، اجلاس کی کہانی سامنے آگئی
عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ حالیہ دنوں میں ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم موضوع بنا ہوا ہے۔ اب جیل حکام کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ پیش رفت سامنے آنے کا انتظار ہے۔