ڈیجیٹل چالان ادا نہ کرنے والوں کیلئے بُری خبر
سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ وارڈنز کی جانب سے کیے جانے والے ڈیجیٹل چالانز کی عدم ادائیگی پر بھی شہریوں کو بعض پولیس اور سرکاری سروسز فراہم نہ کی جائیں۔
مراسلے میں تجویز دی گئی کہ زیر التوا ڈیجیٹل چالانز کا ریکارڈ نادرا کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ چالان کی عدم ادائیگی کی صورت میں ریکوری کے عمل کو مؤثر بنایا جاسکے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق اس وقت ون ایپ میں صرف ای چالانز کی تعداد نظر آتی ہے جبکہ وارڈنز کی جانب سے کیے جانے والے ڈیجیٹل چالانز کا مکمل ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث ریکوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پینڈنگ ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات بھی ون ایپ میں شامل کی جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ جن شہریوں کے ذمے ڈیجیٹل چالان واجب الادا ہوں، انہیں خدمت مرکز سے مختلف سہولیات فراہم نہ کی جائیں۔ ان سروسز میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کرایہ داری رجسٹریشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وہیکل ویریفکیشن، ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کو بھی چالان کلیئر کرنے سے مشروط کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مون سون کا چھٹا سپیل کب تک رہے گا؟ الرٹ جاری
واضح رہے کہ ڈیجیٹل چالانز کی نادرا اور متعلقہ سرکاری نظام سے انٹگریشن کا مقصد حکومتی ریونیو میں اضافہ، چالانوں کی ریکوری بہتر بنانا اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرنا ہے۔