ایف آئی اے میں نوکریوں کا اعلان، اپلائی کا طریقہ جانیے
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) BS-17 کی 12 جبکہ سپرنٹنڈنٹ BS-16 کی 22 آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔ دونوں عہدے فی الحال عارضی بنیادوں پر ہوں گے تاہم انہیں مستقل کیے جانے کا امکان ہے۔ کامیاب امیدواروں کی تعیناتی پاکستان میں کسی بھی مقام پر کی جا سکتی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) BS-17 کیلئے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے سیکنڈ کلاس یا گریڈ سی ایل ایل بی ڈگری رکھنے والے امیدوار اہل ہوں گے۔ امیدوار کے پاس ڈگری کے بعد قانونی پریکٹس یا قانونی شعبے میں پراسیکیوشن کا کم از کم دو سالہ تجربہ بھی ہونا ضروری ہے۔
اس عہدے کیلئے عمر کی حد 22 سے 30 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ بالائی عمر میں عمومی طور پر 5 سال کی رعایت دی جائے گی۔
12 نشستوں میں پنجاب کی 6، سندھ رورل کی 2، سندھ اربن کی ایک، خیبر پختونخوا کی 2 اور سابق فاٹا کی ایک نشست شامل ہے۔ پنجاب میں 5 نشستیں اوپن میرٹ اور ایک خواتین کوٹے کیلئے مختص ہے، سندھ رورل میں ایک اوپن میرٹ اور ایک خواتین، سندھ اربن میں ایک اوپن میرٹ جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک اوپن میرٹ اور ایک اقلیت/نان مسلم کوٹہ شامل ہے۔ سابق فاٹا کی نشست خواتین کیلئے مختص کی گئی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ BS-16 کی 22 آسامیوں کیلئے 16 سالہ تعلیم کے ساتھ سیکنڈ کلاس یا گریڈ سی ماسٹرز ڈگری درکار ہے، 14 سالہ تعلیم کے حامل امیدوار بیچلرز ڈگری کے ساتھ اکاؤنٹس یا ایڈمنسٹریشن میں دو سالہ تجربے کی صورت میں اہل ہوں گے۔ عمر کی حد 20 سے 28 سال ہے جبکہ بالائی عمر میں عمومی طور پر 5 سال رعایت دی جائے گی۔
کوٹے کے مطابق 2 نشستیں میرٹ، 11 پنجاب، 2 سندھ رورل، 2 سندھ اربن، 3 خیبر پختونخوا، ایک بلوچستان اور ایک سابق فاٹا کیلئے مختص ہیں۔ پنجاب کی نشستوں میں 9 اوپن میرٹ، ایک خواتین اور ایک اقلیت/نان مسلم کوٹہ شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا آپ جانتے ہیں چاند کا ایک ٹکڑا پاکستان میں بھی محفوظ ہے؟
ایف پی ایس سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنی درخواستیں جمع کرائیں، امیدواروں کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے جو کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔