کیا آپ جانتے ہیں چاند کا ایک ٹکڑا پاکستان میں بھی محفوظ ہے؟
نیشنل میوزیم آف پاکستان میں محفوظ یہ قیمتی چاند کا ٹکڑا دسمبر 1972 میں امریکی خلائی مشن اپولو 17 کے دوران خلا باز چاند سے زمین پر لائے تھے۔ اپولو 17 ناسا کا آخری انسان بردار چاند مشن تھا، جس کے دوران خلا بازوں نے چاند کی سطح سے مختلف نمونے جمع کیے تھے۔
کراچی کے نیشنل میوزیم میں موجود چاند کا یہ ٹکڑا ایک شفاف ایکریلک گولے میں محفوظ کیا گیا ہے تاکہ اسے ماحولیاتی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اس کے ساتھ پاکستان کا قومی پرچم بھی رکھا گیا ہے، جو اپولو 17 مشن کے دوران خلا اور چاند تک لے جایا گیا تھا۔
نیشنل میوزیم کے کیوریٹر یعقوب خان کے مطابق چاند کا یہ ٹکڑا پاکستان کیلئے ایک تاریخی اور منفرد یادگار کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک پتھر نہیں بلکہ انسانی جستجو، سائنسی تحقیق اور تاریخ کے ایک اہم خلائی سفر کی علامت ہے۔
چاند سے لایا گیا یہ نمونہ آج بھی کراچی کے نیشنل میوزیم آنے والے شہریوں اور سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ یہ یادگار نہ صرف خلائی تحقیق کی تاریخ سے لوگوں کو جوڑتی ہے بلکہ نئی نسل کو سائنس، کائنات اور انسانی کامیابیوں کے بارے میں جاننے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اہم شاہراہ ٹریفک کیلئے بند، ٹریفک پولیس نے متبادل راستے بتا دیے
کراچی میں محفوظ چاند کا یہ ٹکڑا پاکستان کیلئے ایک منفرد تاریخی اثاثہ ہے، جو نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود خلائی تحقیق اور انسانی کامیابی کی یاد تازہ کررہا ہے۔