عمران خان کے طبی معائنے اور جیل ملاقاتوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں دو صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ رپورٹ میں 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور ڈاکٹروں کے ابتک چیک اپ ہسٹری کی تفصیل بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ کھانے پینے کی جانچ اور میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے، جبکہ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا معائنہ کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرِ امراضِ چشم سے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج بھی کرایا جاتا رہا ہے اور ایک آنکھ تقریباً نارمل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 3 نائب صدور کی تعیناتی متنازع، اسلامی یونیورسٹی کو ہائیکورٹ کا نوٹس
رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کے چیک اپ کی سمری بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ نمٹا دیا جائے۔
رپورٹ میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملاقات کے بعد جیل کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود میڈیا ٹاک کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی۔