پنجاب کے تمام کالجز میں داخلوں کا پرانا طریقہ کار ختم
آئندہ سال 2027 سے پنجاب کے تمام کالجز میں داخلے مکمل طور پر آن لائن کیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 2027 سے کالجز میں داخلوں کیلئے پراسپیکٹس اور فارم کا روایتی کاغذی نظام ختم کردیا جائے گا۔
طلباء اور والدین کو داخلے کیلئے کاغذی فارم حاصل کرنے یا جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ پراسپیکٹس، داخلہ فارم اور فیسوں کی وصولی سمیت تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔
ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر نے بتایا کہ یہ فیصلہ حکومت پنجاب کی ماحول دوست اور پیپر لیس پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے طلباء کو کالجز میں داخلے کیلئے طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ گھر بیٹھے ای سسٹم کے ذریعے داخلے کا عمل مکمل کرسکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم نے رواں سال داخلوں کے نظام میں ابتدائی تبدیلی کرتے ہوئے صرف فیسوں کی ادائیگی کو آن لائن موڈ میں منتقل کیا ہے، جبکہ اگلے سال داخلے سے متعلق تمام مراحل کو ڈیجیٹل کردیا جائے گا۔
حکام کے مطابق آن لائن نظام سے داخلوں کے عمل میں شفافیت اور سہولت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ کاغذ کے استعمال میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ اس اقدام سے طلباء، والدین اور کالجز انتظامیہ کو داخلوں کے دوران درپیش مختلف مشکلات کم ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:میر رضا قتل کیس: والد اور دوستوں کا شارع فیصل پر دھرنا
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئے آن لائن نظام کے نفاذ سے داخلہ فارم جمع کرانے، فیس کی ادائیگی اور دیگر متعلقہ مراحل کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
2027 سے پنجاب کے کالجز میں مکمل آن لائن داخلہ نظام کا نفاذ حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن اور پیپر لیس تعلیم کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔