میر رضا قتل کیس: والد اور دوستوں کا شارع فیصل پر دھرنا
تفصیلات کے مطابق دھرنے سے قبل میر رضا کے اہل خانہ اور دوستوں نے ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں مظاہرین ریلی کی شکل میں قبرستان سے نرسری پہنچے، جہاں انہوں نے میر رضا کے قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
میر رضا کے والد میر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر میر رضا کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی، میر رضا کو ملک سے محبت تھی اور وہ ہر سال آزادی کا دن بھرپور انداز میں مناتا تھا۔
میر حسین نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی جی ایسٹ کو معطل کیا جائے، جبکہ فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، تحقیقات میں مبینہ تاخیر ہوئی اور شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی۔
میر رضا کے والد نے کہا کہ 12 روز تک ان کے خاندان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوتی ہے، اس عرصے کے دوران ڈی آئی جی ایسٹ نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پانی کے جھگڑے نے کرکٹ کوچ کی جان لے لی
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان نے موجودہ تحقیقاتی ٹیم پر اعتماد کیا ہے اور انہیں انصاف کی فراہمی کیلئے موقع دیا جا رہا ہے۔ میر حسین نے امید ظاہر کی کہ میر رضا کے قتل کے ذمہ دار افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔