355 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کوایوارڈز دینے کی منظوری
سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ، یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
شوبز کے شعبے میں گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کو ستارۂ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اداکارہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید، ماریہ واسطی اور گلوکار ذوہیب حسن کو تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا جائے گا۔ گلوکار شیراز اُپل کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا۔
کھیلوں کے شعبے میں شوٹر کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو تمغۂ حسنِ کارکردگی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
سرکاری و قومی خدمات کے اعتراف میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزراء احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشانِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری تجارت جواد پال کو ستارۂ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مابین ملاقات، داخلی و خارجی امور پر تبادلہ خیال
چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغۂ امتیاز جبکہ پبلک سروس کے شعبے میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو ہلالِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
آزاد کشمیر میں شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر زوبیہ خورشید راجہ کو تمغۂ شجاعت دیا جائے گا۔ زوبیہ راجہ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک زخمی پولیس اہلکار کو شرپسندوں کے نرغے سے بچایا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہداء کو ستارۂ شجاعت سے نوازا جائے گا، جبکہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو بھی ستارۂ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارۂ امتیاز جبکہ ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغۂ امتیاز دیا جائے گا۔
صحافت کے شعبے میں سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ صحافی عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغۂ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبوکو کو بعد از مرگ نشانِ قائداعظم سے نوازا جائے گا
غیر ملکی شخصیات میں سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلالِ پاکستان جبکہ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاسر گلار اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارۂ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے
علاوہ ازیں ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو تمغۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
صدرِ مملکت کی جانب سے سول ایوارڈز کی منظوری مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات، قومی کردار، پیشہ ورانہ کارکردگی اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہے۔