بورڈ دفاتر کے چکروں سے نجات، ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ کا فیصلہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نظام کے تحت طلبہ اپنے امتحانی نتائج کے فوراً بعد گھر بیٹھے آن لائن رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل تیار کیا جا رہا ہے جہاں ریکارڈ محفوظ اور آسانی سے دستیاب ہوگا۔ جس سے پنجاب کے تمام طلبہ کو بورڈ دفاتر کے چکروں سے نجات حاصل ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں نویں جماعت اور فرسٹ ایئر کے طلبہ کو ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے، جبکہ بعد میں دسویں جماعت اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو بھی اس نظام میں شامل کر لیا جائے گا۔
نئے رزلٹ کارڈز میں کیو آر کوڈ اور دیگر حفاظتی خصوصیات شامل ہوں گی، جن کی مدد سے کالجز، جامعات، ملازمت دینے والے ادارے اور دیگر تنظیمیں فوری طور پر دستاویزات کی تصدیق کر سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ 2026 کے امیدواروں کیلئے پورٹل کھولنے کا اعلان
اہم بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ کو وہی قانونی اور سرکاری حیثیت حاصل ہوگی جو روایتی رزلٹ کارڈ کو حاصل تھی۔ طلبہ اسے داخلوں، ملازمتوں، اسکالرشپس، مساوی سند اور دیگر سرکاری امور میں استعمال کر سکیں گے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ طلبہ کو رزلٹ کارڈ حاصل کرنے کے لیے بورڈ دفاتر کے چکر بھی نہیں لگانا پڑیں گے، جس سے تعلیمی نظام مزید جدید اور آسان بن سکے گا۔