پی ٹی اے نے موبائل پیکجز کیلئے نیا پورٹل متعارف کرا دیا
پی ٹی اے کے مطابق نئے پورٹل کو ادارے کی ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنس سیکشن میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین جاز، زونگ، یوفون اورٹیلی نار پاکستان سمیت مختلف موبائل آپریٹرز کے دستیاب پیکجز کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے۔
نئے نظام میں پیکجز کی قیمت، دستیاب انٹرنیٹ ڈیٹا، کال منٹس، ایس ایم ایس اور دیگر سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی، جس سے صارفین کیلئے مختلف کمپنیوں کی پیشکشوں میں فرق سمجھنا زیادہ آسان ہوجائے گا۔
پی ٹی اے کے نئے پورٹل کی ایک اہم خصوصیت پیکجز کی قیمتوں میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی سہولت ہے۔ صارفین موجودہ قیمتوں کے ساتھ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کسی مخصوص پیکج کی قیمت گزشتہ چند ماہ یا برسوں کے دوران کس طرح تبدیل ہوئی۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کو مختلف موبائل آپریٹرز کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کے رجحان کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس طرح صارفین صرف موجودہ قیمت دیکھنے کے بجائے پیکج کی تاریخی قیمتوں کا جائزہ لے کر بھی بہتر فیصلہ کرسکیں گے۔
نیا پورٹل خاص طور پر ان صارفین کیلئے مفید ثابت ہوسکتا ہے جو مختلف کمپنیوں کے موبائل پیکجز خریدنے سے قبل ان کا موازنہ کرنا چاہتے ہیں۔ زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد مختلف ڈیٹا پیکجز، جبکہ زیادہ کال کرنے والے صارفین کال منٹس پر مبنی پیکجز کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے۔
اسی طرح ایس ایم ایس زیادہ استعمال کرنے والے صارفین بھی اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق موزوں پیکج تلاش کرسکیں گے۔ ایک ہی پلیٹ فارم پر معلومات دستیاب ہونے سے صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کی ویب سائٹس یا ایپس پر الگ الگ معلومات تلاش کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے پورٹل کے اجرا کا بنیادی مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو موبائل پیکجز کی قیمتوں اور سہولیات میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ رکھنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق باخبر صارف اپنے استعمال، ضروریات اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ بہتر فیصلہ کرسکتا ہے۔ اس سے صارفین کو غیر ضروری اخراجات سے بچنے اور اپنے لیے زیادہ موزوں موبائل پیکج منتخب کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں میٹرو بس سروس بند ہونے کا خدشہ
نئے پورٹل پر دستیاب معلومات سے صارفین کو یہ جاننے میں بھی آسانی ہوگی کہ مختلف موبائل آپریٹرز نے حالیہ عرصے میں اپنے پیکجز کی قیمتوں یا سہولیات میں کیا تبدیلیاں کی ہیں۔ اس کے نتیجے میں صارفین ٹیلی کام مارکیٹ میں قیمتوں کے مجموعی رجحان کا بھی بہتر اندازہ لگا سکیں گے۔