عبداللہ طاہر قتل میں ملوث دوسری خاتون بھی گرفتار
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کو دو خواتین کی معاونت سے نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں عبداللہ طاہر کے قتل کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر دو خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں خواتین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، مختلف ٹولز اور ایپس کے ذریعے مبینہ شوٹرز گینگ کی معاونت کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر ٹریپ کرنے والی خاتون کے علاوہ ایک دوسری لڑکی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران دونوں خواتین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، جنہیں کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حراست میں لی گئی دوسری خاتون کو پشتو زبان پر عبور حاصل ہے، پولیس نے دونوں خواتین کے موبائل فون قبضے میں لے لیے ہیں، جبکہ موبائل فونز سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا بھی ماہرین کی مدد سے ریکور کروایا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق خواتین سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں قتل کی مبینہ منصوبہ بندی، ٹارگٹڈ کارروائی کے مقاصد اور دیگر کرداروں کے حوالے سے اہم لیڈز سامنے آئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد تک پہنچنے کیلئے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری کے بعد بڑے فیصلے
حکام کے مطابق گرفتار خواتین سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ موبائل ڈیٹا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے حاصل ہونے والی معلومات کو دیگر شواہد کے ساتھ ملا کر تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔