بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ مون سون ہواؤں کے باعث دن بھر مختلف اوقات میں بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ بعض علاقوں میں شہری مشکلات بھی پیش آ سکتی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے حتیٰ الامکان گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، کمزور درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ آج شہر کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، سمندری ہواؤں کے باعث موسم نسبتاً معتدل رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عبداللہ طاہر قتل کیس میں مبینہ مرکزی ملزم کی شناخت ہو گئی
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے اثرات آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتے ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔