عبداللہ طاہر قتل کیس میں مبینہ مرکزی ملزم کی شناخت ہو گئی
پولیس ذرائع کے مطابق نارووال کے رہائشی زمان کوگی پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروانے کی منصوبہ بندی کی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں کے درمیان ریت کے ٹھیکے کے معاملے پر تنازع موجود تھا، جسے مبینہ طور پر قتل کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان کوگی نے عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ حاصل کرنے سے منع کیا تھا، تاہم عبداللہ طاہر کی جانب سے ٹھیکہ حاصل کرنے کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں اسی تنازع کو واقعے کے پس منظر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ ملزم اس وقت امریکا میں موجود ہے، جس کے باعث اس کی گرفتاری کیلئے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ملزم کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بین الاقوامی قانونی طریقہ کار کے تحت اسے گرفتار کر کے پاکستان لایا جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملزمان، سہولت کاروں اور حملے میں ملوث افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق رہنما تحریک انصاف سعدیہ سہیل رانا کی گاڑی پر حملہ
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات ابتدائی تحقیقات اور ذرائع پر مبنی ہیں، جبکہ کسی بھی ملزم کی حتمی ذمہ داری کا تعین عدالت میں پیش کیے گئے شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوگا۔