اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے اہم پیغام جاری کر دیا
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ میں ملوث عناصر جعلی ویب سائٹس، مشکوک لنکس اور غیر مصدقہ پیغامات کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہری کسی بھی ایسے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغام پر موجود لنک پر ہرگز کلک نہ کریں جس کی تصدیق نہ ہو۔ ایسے جعلی پیغامات بظاہر سرکاری اداروں کے نام سے بھیجے جاتے ہیں تاکہ لوگوں کو دھوکہ دے کر ان کی ذاتی یا مالی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پولیس نے واضح کیا کہ اگر کسی شہری کو مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر اس کی اطلاع اسلام آباد ٹریفک پولیس یا ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو دے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور دیگر شہریوں کو بھی ممکنہ فراڈ سے بچایا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری اپنے ای چالان کی تصدیق صرف متعلقہ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کریں اور کسی غیر مصدقہ لنک یا ویب سائٹ پر اپنی ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، بینک تفصیلات یا ادائیگی سے متعلق معلومات ہرگز درج نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی قانونی حق دار بیوہ، بہن بھائی نہیں
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سائبر سیکیورٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مشکوک پیغامات کو نظر انداز کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام کو مؤثر بنایا جا سکے۔