لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ بارشوں میں وقفے کے باعث گرمی اور حبس میں بھی اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ممکنہ بارش کے پیش نظر واسا لاہور نے نکاسی آب کے انتظامات مکمل رکھنے کیلئے تمام آپریشنل عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں آئندہ 5 روز گرج چمک کے ساتھ برسات کی پیشگوئی
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس وقت دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیر آباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
حکام نے دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ہیں جہاں خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے بچیں اور بچوں کو ہرگز پانی میں نہانے نہ دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔