پنجاب میں آئندہ 5 روز گرج چمک کے ساتھ برسات کی پیشگوئی
لاہور سمیت صوبے کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں موسم مزید بہتر ہونے کی توقع ہے جبکہ گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
موسمیاتی حکام کے مطابق لاہور شہر میں تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے، شہر میں موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی ہے۔
دوسری جانب مسلسل بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ برساتی نالوں، ندیوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:میٹرو بس، اورنج ٹرین، اسپیڈو میں ٹوکن اور کارڈ سسٹم ختم
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور غیر ضروری سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔