بھارت کے بعد پاکستان میں بھی "کاکروچ پارٹی" کی انٹری
بھارت میں "کاکروچ پارٹی" ایک غیر روایتی سوشل میڈیا مہم کے طور پر سامنے آئی تھی، جس میں کاکروچ کو ایسے نوجوانوں کی علامت قرار دیا گیا جو بے روزگاری، مہنگائی، تعلیمی دباؤ اور معاشی مشکلات کے باوجود حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے نوجوانوں کے مسائل کو طنزیہ اور تخلیقی انداز میں اجاگر کیا گیا، جس کے بعد اسے سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کیلئے نئی امیگریشن پالیسی کا اعلان
اسی طرز پر پاکستان میں بھی "Cockroach Party Pakistan" کے نام سے انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جہاں نوجوان مختلف نوعیت کی پوسٹس، پوسٹ کارڈز اور پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔ ان پوسٹس میں بالخصوص نوجوانوں کے مستقبل، روزگار، معاشی حالات، مہنگائی، تعلیم اور دیگر سماجی مسائل کو موضوع بنایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس اکاؤنٹ کی پوسٹس کو بڑی تعداد میں پسند اور شیئر کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف حلقوں میں اس کے منفرد انداز اور پیغام پر بھی بحث جاری ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال "Cockroach Party Pakistan" صرف ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے اور اس کے کسی باقاعدہ سیاسی جماعت یا انتخابی عمل سے وابستہ ہونے کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔