لیپ ٹاپ سکیم فیز 2: طلبہ کی نادرا سے تصدیق کرانے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں طلبہ کی نادرا سے تصدیق کے اصولی فیصلے کی منظوری دی گئی، تاہم لیپ ٹاپ تقسیم کے دوسرے مرحلے کے باقاعدہ آغاز کی تاریخ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔
گورنمنٹ حکام کے مطابق لیپ ٹاپ کی تقسیم کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے سمری کے ذریعے باضابطہ منظوری حاصل کی جائے گی، جس کے بعد شیڈول جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن تاحال دوسرے مرحلے کا مکمل شیڈول تیار نہیں کر سکا، جس کے باعث ہزاروں طلبہ بے چینی سے اعلان کے منتظر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں پہلے مرحلے کے متعدد اہل طلبہ بھی اب تک لیپ ٹاپ حاصل نہیں کر سکے، جس پر طلبہ نے جلد از جلد تقسیم کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے رواں سال لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، یہ سکیم میرٹ کی بنیاد پر طلبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کیلئے شروع کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں 6 سہولت کار گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ سال شروع کیے گئے پہلے مرحلے میں 40 ہزار سے زائد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے، اب طلبہ کی نظریں حکومت کی جانب سے دوسرے مرحلے کے شیڈول اور تقسیم کے باقاعدہ اعلان پر مرکوز ہیں، تاکہ وہ اس تعلیمی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔