گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بدلنے کا فیصلہ، قیمتوں میں بھی اضافہ
محکمہ ایکسائز کے مطابق نئی نمبر پلیٹس میں جدید ریڈیو فریکونسی آئیڈنٹیفکیشن سسٹم کے حامل اسٹیکرز نصب کیے جائیں گے، جن کی مدد سے گاڑیوں کی شناخت اور ٹریکنگ ممکن ہوسکے گی۔
محکمہ ایکسائز حکام کے مطابق موجودہ نمبر پلیٹس صوبائی حکومت شہریوں کو 1200 روپے میں فراہم کرتی ہے، تاہم RFID اسٹیکر والی نئی نمبر پلیٹس کی قیمت بڑھا کر 4 ہزار روپے مقرر کی جائے گی، نئی ٹیکنالوجی سے گاڑیوں کے ریکارڈ کو بہتر بنانے، چوری شدہ یا مشکوک گاڑیوں کی نشاندہی اور ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
نئی نمبر پلیٹس کا اطلاق خیبرپختونخوا میں چلنے والی تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں پر کیا جائے گا، مرحلہ وار تمام گاڑیوں کو جدید نمبر پلیٹس فراہم کی جائیں گی، جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام اپر سوات میں کشتیوں کے حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کشتیوں کا جامع سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف مقامات پر چلنے والی کشتیوں کی فٹنس، حفاظتی انتظامات اور معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔ سروے کے دوران یہ معلوم کیا جائے گا کہ کون سی کشتیاں سیاحوں کی حفاظت کیلئے مقررہ معیار پر پورا اترتی ہیں اور کن کشتیوں سے حادثات کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، بارش میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی کشتیوں کے آپریشن پر پابندی عائد کی جائے گی، تاکہ سیاحوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔