سابق چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر پرویز بٹ وفات پا گئے
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سائنسی، تعلیمی اور قومی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر پرویز بٹ کا شمار پاکستان کے اسٹریٹجک اور ایٹمی پروگرام کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی اہم شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی ملک کے دفاع، سائنسی تحقیق اور ایٹمی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے وقف کیے رکھی۔
ڈاکٹر پرویز بٹ نے 2001 سے 2006 تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، ان کی قیادت میں پاکستان کے ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی پروگرام کو نئی سمت ملی، جبکہ مختلف تحقیقی منصوبوں، توانائی کے شعبے اور جدید سائنسی اداروں کی ترقی میں بھی اہم پیش رفت ہوئی۔
پی اے ای سی کے ترجمان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ڈاکٹر پرویز بٹ کے انتقال سے پاکستان ایک ممتاز سائنسدان، انجینئر اور قومی معمار سے محروم ہوگیا ہے۔ ان کی سائنسی بصیرت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
ڈاکٹر پرویز بٹ نے نہ صرف پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ نوجوان سائنسدانوں کی تربیت، تحقیق کے فروغ اور جدید سائنسی سوچ کو آگے بڑھانے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں:12 اگست کا سورج گرہن خاص کیوں یو گا؟
ان کے انتقال پر مختلف سائنسی، تعلیمی اور قومی شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔