سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کی فہرست جاری
محکمہ کالجز سندھ کے مطابق انٹرمیڈیٹ کلاسز میں داخلوں کیلئے صوبے بھر سے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں کراچی سے جمع کرائی گئیں، جہاں 98 ہزار 646 طلبہ نے سرکاری کالجز میں داخلے کیلئے اپلائی کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کو پسندیدہ کالج میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے میرٹ کے معیار پر پورا اترنا لازمی ہوگا، داخلوں کا عمل شفاف بنانے کیلئے درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد میرٹ لسٹ تیار کی گئی ہے، جس کے مطابق طلبہ کو مختلف کالجز میں جگہ دی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ نے بتایا کہ داخلہ لینے والے تمام طلبہ مقررہ وقت کے اندر اپنے داخلے کی تصدیق کرائیں تاکہ تعلیمی سال کا آغاز بروقت کیا جا سکے۔
محکمہ کالجز نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 جولائی تک اپنے داخلے کنفرم کر لیں، بصورت دیگر مقررہ وقت گزرنے کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، سیلابی الرٹ جاری
تعلیمی ماہرین کے مطابق سرکاری کالجز میں داخلوں کیلئے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونا طلبہ کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، دوسری جانب طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ داخلہ عمل کے دوران تمام مراحل کو آسان اور شفاف رکھا جائے تاکہ کسی کو مشکلات پیش نہ آئیں۔