ماضی کی طرح عمران خان سے بھی ڈیل ہی ہو گی: اعجاز الحق کا دعویٰ
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سربراہ مسلم لیگ ضیاء اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ کہیں نہ کہیں اب بھی عمران خان سے روابط موجود ہیں ، جیسے ماضی میں سیاسی رہنماؤں نے ڈیل کی اسی طرح عمران خان کی بھی ڈیل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران خان سے ڈیل کی کوششیں ہوئیں، اب بھی رابطے ہو رہے ہیں، سیاسی تناؤ میں کمی کے لیے درمیانی راستہ نکالنا ہی پڑے گا۔
اعجاز الحق کا حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے ہر چیز کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، حکومت صرف آرام کرنا چاہتی ہے، بیرونی دورے بہت ہورہےہیں لیکن ملک کو اس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا، کہیں نا کہیں آپ کو سمجھانا پڑتا ہے کہ بس کرو ورنہ اور بھی کچھ ہوسکتا ہے۔
سربراہ مسلم لیگ ضیاء نے کہا کہ ڈلیور کرنا حکومت کا کام ہے لیکن حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں، اس میں کوئی شک نہیں حکومت مشکلات میں گھری ہوئی ہے، پاکستان میں یہ پتہ نہیں لگتا آج جس تخت پر بیٹھے ہیں تو کل اس کا تختہ ہوجاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لندن میں عمران خان اور جمائمہ کا تاریخی گھر فروخت کیلیے پیش
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کے ایوانوں میں آج بھی سمجھا جا رہا ہے کہ دوسری پارٹی نہیں آسکتی ، ان کو سمجھنا چاہیے کوئی پتہ نہیں کل کیا ماحول بن جائے، ماضی میں یہ غلطی نوازشریف اور بے نظیر بھٹو سے بھی سرزد ہو چکی ہے۔