سیاحوں کی کار کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق
حادثہ مانسہرہ سے ناران جانے والی شاہراہ پر پیش آیا جہاں سیاحوں کی کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق سیالکوٹ سے بتایا گیا ہے، زخمی شخص کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی گئی ہے، تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں کار سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔
حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی، جبکہ مقامی افراد اور امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو نکالنے میں مدد کی۔
واضح رہے کہ ناران، کاغان اور دیگر شمالی علاقہ جات میں موسم گرما کے دوران بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی راستوں، تیز رفتاری اور ڈرائیونگ میں احتیاط نہ کرنے کے باعث اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلاسود 10 لاکھ روپے قرضہ، مریم نواز نے اپلائی کرنیکا طریقہ بتا دیا
ریسکیو حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران رفتار کم رکھیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔