اسمارٹ بجلی میٹرز کی تنصیب شروع
اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور بلنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں اگست تک ایک ہزار اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ اس کے بعد مرحلہ وار لیسکو ریجن میں پنجاب حکومت کے اداروں کے 8 ہزار 342 سنگل فیز نان اے ایم آئی میٹرز کو جدید اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی ریڈنگ، بلنگ اور مانیٹرنگ کا نظام زیادہ شفاف، تیز اور مؤثر ہو جائے گا۔
جدید میٹرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کے استعمال کی درست معلومات حاصل کرنے، ریکارڈ محفوظ رکھنے اور نظام کی نگرانی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ سرکل میں پنجاب حکومت کے اداروں کے سب سے زیادہ ایک ہزار 811 نان اے ایم آئی میٹرز موجود ہیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر جدید اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جائے گا۔
لیسکو انتظامیہ نے اپنے تمام سرکلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کی فوری الاٹمنٹ یقینی بنائی جائے اور تنصیب کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ وقت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خاں سے ملاقات کا کیس سماعت کیلئے مقرر
ترجمان لیسکو کے مطابق اس منصوبے سے بجلی کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ ملے گا، انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور صارفین کیلئے شفاف اور جدید بجلی فراہمی کے نظام کی بنیاد مضبوط ہوگی۔