پی یو میں اساتذہ و ملازمین کی تنظیموں کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
پنجاب یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں منعقدہ اجلاس میں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن، پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو اینڈ ٹیکنیکل اسٹاف ایسوسی ایشن، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، پنجاب یونیورسٹی لائبریرینز آرگنائزیشن اور پنجاب یونیورسٹی اسٹینوگرافرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ اور ملازمین کے جائز مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے اور اختلافِ رائے رکھنے والوں کے خلاف مبینہ طور پر انتقامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اگر انتظامیہ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس میں دھرنے، قلم چھوڑ ہڑتال، کلاسوں کا بائیکاٹ اور دیگر قانونی و جمہوری احتجاجی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ اور ملازمین کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے اور یونیورسٹی میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم کا 10 ہزار سے زائد ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ
بیان کے مطابق اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ پریس کانفرنس اب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے منعقد ہو گی، جس میں انتظامی اور مالی امور سمیت یونیورسٹی کو درپیش مختلف مسائل پر مشترکہ مؤقف پیش کیا جائے گا۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔