سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلے پر حملہ، گارڈ جاں بحق
ڈی آئی جی آزاد کشمیر راجہ اکمل نے سردار تنویر الیاس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ نامعلوم افراد نے قافلے کو نشانہ بنایا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک محافظ جان کی بازی ہار گیا، جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سردار تنویر الیاس خان قافلے کے ہمراہ دو روزہ دورے پر باغ سے راؤلاکوٹ جا رہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق واقعے کے محرکات فوری طور پر سامنے نہیں آسکے، انہوں نے واضح کیا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سردار تنویر الیاس نے حال ہی میں ایک مرتبہ پھر سیاسی جماعت تبدیل کی ہے۔
انہوں نے یکم جولائی 2026 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور اگلے روز استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: سردار تنویر الیاس نے آئی پی پی کو خیر باد کہہ دیا
رپورٹس کے مطابق پارٹی چھوڑنے کی ایک وجہ آئندہ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات تھے۔
سردار تنویر الیاس 2021 کے آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اپریل 2022 میں آزاد کشمیر کے 14ویں وزیراعظم بنے۔
اپریل 2023 میں عدالتی فیصلے کے بعد وہ وزارت عظمیٰ اور اسمبلی رکنیت سے محروم ہوگئے، بعدازاں انہوں نے 2023 میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جون 2025 میں پیپلز پارٹی کا حصہ بنے اور جولائی 2026 میں دوبارہ آئی پی پی میں واپس آگئے۔