مریم نواز کا گھروں کی مرمت کیلئے بلاسود قرض پروگرام کا اعلان
ساہیوال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ تین، چار خاندانوں کا ایک ہی گھر میں رہنا ہزاروں خاندانوں کی حقیقت ہے، اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ اپنے گھر میں مزید کمرے یا منزل تعمیر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح "اپنا کھیت، اپنا روزگار" کے ذریعے 30 ہزار مستحق خاندانوں کو 5 ایکڑ تک سرکاری زرعی زمین 20 سالہ لیز پر دی گئی ہے، ساتھ فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت صرف دو سال میں 2 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سنگ میل حاصل کیا گیا، جن میں سے ایک لاکھ 80 ہزار مکمل ہو چکے ہیں اور روزانہ 700 سے 800 نئے گھر تیار ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے زمین 2 ہزار خاندانوں کو مفت 5 مرلہ پلاٹ بھی دیے گئے ہیں، اب "اپنی چھت، محفوظ چھت" کے ذریعے کمزور گھروں کی مرمت اور مضبوطی کے لیے 5 لاکھ روپے تک آسان قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا "اپنا گھر، محفوظ گھر" پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی بھی ضرورت مند شہری کو فوری امداد درکار ہو، چاہے راشن، وہیل چیئر، سماعت کا آلہ یا کوئی اور معاون آلہ، صرف ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایسا نظام قائم کیا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر امداد مستحق فرد کے گھر تک پہنچائی جائے تاکہ ضرورت کے وقت بروقت سہارا مل سکے۔