مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا شیڈول جاری
گیپکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جولائی کے دوران پانچ مختلف دنوں میں متعدد علاقوں کو پانچ گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔
سب ڈویژنل آفیسر کنسٹرکشن گیپکو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی بندش 15، 19، 22، 26 اور 29 جولائی کو ہو گی، ان تمام تاریخوں پر صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق کلووال اور ڈاؤن سٹریم فیڈرز سے بجلی حاصل کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہو گی، متعلقہ فیڈرز سے منسلک رہائشی، تجارتی اور دیگر صارفین کو مقررہ اوقات کے دوران بجلی دستیاب نہیں ہو گی۔
گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش معمول کی لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ مرمت، دیکھ بھال اور نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے ضروری ترقیاتی کاموں کا حصہ ہے، کام مکمل ہونے کے بعد متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ضروری انتظامات پیشگی مکمل کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اہم اعلان
گیپکو انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو خصوصاً پانی کی مناسب مقدار ذخیرہ کرنے، موبائل فون اور دیگر ضروری برقی آلات چارج رکھنے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے متبادل انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تکنیکی یا موسمی وجوہات کے باعث شیڈول میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے، صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بجلی کی بندش سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ گیپکو دفتر یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔