امتحانی ڈیوٹیاں دینے والے اساتذہ کے معاوضوں میں 50 فیصد تک اضافہ
نئے فیصلے کے بعد امتحانی مراکز میں تعینات سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس، نگران عملے، موبائل انسپکٹرز، ڈسٹری بیوٹر انسپکٹرز اور پریکٹیکل ایگزمینرز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کا یومیہ معاوضہ ایک ہزار 560 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 340 روپے مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا معاوضہ ایک ہزار 260 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح نگران عملے کو اب ایک ہزار روپے کے بجائے ایک ہزار 500 روپے یومیہ ادا کیے جائیں گے جبکہ لاہور بورڈ نے امتحانی عمل کی نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے والے دیگر اہلکاروں کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔
موبائل انسپکٹر کا معاوضہ ایک ہزار 80 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 620 روپے کر دیا گیا جبکہ ڈسٹری بیوٹر انسپکٹر کو اب ایک ہزار 200 روپے کے بجائے ایک ہزار 800 روپے ملیں گے۔
پریکٹیکل امتحانات لینے والے ایگزمینرز کے معاوضے میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، پریکٹیکل ایگزمینر کا معاوضہ ایک ہزار 540 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 310 روپے مقرر کر دیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ، اطلاق یکم جولائی سے ہو گا
کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ توصیف الرحمان نے کہا ہے کہ امتحانی عملے کے معاوضوں میں اضافہ اساتذہ کی محنت، دیانت داری اور امتحانی نظام میں ان کی اہم خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور دیگر امتحانی عملہ شفاف، منظم اور بروقت امتحانات کے انعقاد میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، نئے معاوضوں سے نہ صرف اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ امتحانی ڈیوٹیوں میں دلچسپی اور ذمہ داری کے احساس میں بھی اضافہ ہو گا۔