اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ، اطلاق یکم جولائی سے ہو گا
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم کے 20 ستمبر 2021ء کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے ٹی ٹی ایس پے پیکیج 2026ء کی منظوری دی جس کے تحت پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہوں کے موجودہ سکیلز پر نظرِ ثانی کی گئی ہے۔
نظرِ ثانی شدہ سکیل کے مطابق ٹی ٹی ایس پروفیسر کی کم سے کم تنخواہ 3 لاکھ 94 ہزار 875 روپے کو بڑھا کر 4 لاکھ 7 ہزار 230 روپے کر دیا گیا، تنخواہوں میں سالانہ اضافہ 19 ہزار 305 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار 320 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ کی حد 6 لاکھ 84 ہزار 450 روپے سے بڑھا کر 7 لاکھ 12 ہزار 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر کی کم سے کم تنخواہ 2 لاکھ 63 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے کر دی گئی جبکہ سالانہ اضافہ 15 ہزار 356 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار 320 روپے کر دیا گیا اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ 4 لاکھ 93 ہزار 590 روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ 45 ہزار 610 روپے کر دی گئی۔
اسی طرح اسسٹنٹ پروفیسر کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تنخواہ پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ نئے سیلبز متعارف
اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہ میں 12 ہزار 65 روپے کے بجائے 17 ہزار 720 روپے سالانہ اضافہ ہو گا جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 3 لاکھ 56 ہزار 475 روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 53 ہزار 820 روپے کر دی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ نظرِ ثانی شدہ تنخواہوں کے مالی اثرات یونیورسٹیاں اپنے وسائل سے پورے کریں گی اور وفاقی حکومت اس مد میں کوئی اضافی مالی گرانٹ نہیں دے گی۔