ایران امریکا کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل مہنگا
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران میں تازہ حملوں کے بعد سرمایہ کاروں میں خدشات بڑھ گئے ہیں کہ اگر آبنائے ہرمز میں صورتحال مزید کشیدہ ہوئی تو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 0.4 فیصد اضافے کے بعد 85.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 80.02 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور بحری آمدورفت سے متعلق خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خلیجی ممالک سے خام تیل کی برآمدات مزید محدود ہوئیں یا آبنائے ہرمز کے ذریعے ترسیل میں رکاوٹ برقرار رہی تو برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اس لیے اس خطے میں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کے عالمی توانائی کی منڈی، ایندھن کی قیمتوں اور عالمی معیشت پر براہِ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔