سعودی عرب: گیس لیکیج حادثہ، 6 پاکستانی شہری جاں بحق
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ سے تھا جبکہ ایک پاکستانی شہری کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔
تمام افراد روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھے اور منفوحہ کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔
واقعے کی اطلاع پاکستان پہنچتے ہی جاں بحق عزیز و اقارب اور مقامی شہری بڑی تعداد میں متاثرہ خاندانوں کے گھروں پر پہنچے اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور حادثے سے متعلق ضروری قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت، دستاویزی عمل اور میتوں کی پاکستان منتقلی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
لواحقین نے حکومت پاکستان اور سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام قانونی تقاضے جلد مکمل کرکے میتوں کو فوری طور پر وطن واپس لایا جائے تاکہ آبائی علاقوں میں تدفین کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
دوسری جانب سعودی حکام نے گیس لیکیج کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا، متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے اور عمارت میں گیس کے نظام سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال حادثے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم ابتدائی طور پر اموات کی وجہ گیس کے اخراج کے نتیجے میں دم گھٹنا بتائی جا رہی ہے۔
پاکستانی سفارت خانے نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔