آن لائن شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلیے زبردست سہولت متعارف
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.6.6 متعارف کرایا گیا ہے جس میں شہریوں کی سہولت کے لیے ’’کارڈ دیکھیں‘‘ کے نام سے نیا فیچر شامل کیا گیا ہے۔
اس سہولت کی مدد سے درخواست گزار شناختی کارڈ کی درخواست فائنل کرنے سے پہلے کارڈ پر درج نام، ولدیت، تاریخ پیدائش، پتہ اور دیگر معلومات دیکھ سکیں گے۔
نادرا کے مطابق اگر شناختی کارڈ کے متوقع نمونے میں کوئی معلومات غلط یا نامکمل نظر آئیں تو شہری درخواست جمع کرانے سے پہلے متعلقہ فیلڈ میں واپس جا کر ان کی تصحیح کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے غلط معلومات کے ساتھ شناختی کارڈ جاری ہونے، درخواست مسترد ہونے یا دوبارہ کارروائی کی ضرورت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے نئے شناختی کارڈ، تجدید، ترمیم اور دیگر شناختی دستاویزات کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، نئے فیچر کا مقصد آن لائن درخواست کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کی شہریوں کو شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے قبل تجدید کی ہدایت
دوسری جانب نادرا نے خیبرپختونخوا میں پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت ضلع پشاور کی تمام ولیج اور نیبر ہڈ کونسلز میں فراہم کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق منصوبے کا دائرہ کار مرحلہ وار خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع تک بھی بڑھایا جائے گا جس سے شہریوں کو بنیادی دستاویزات کے اندراج کے لیے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات مل سکے گی۔