ایل این جی کے نئے کنکشن ستمبر سے بحال ہونے کا امکان
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ قطر کی جانب سے ایل این جی سپلائی پر عائد عارضی پابندی (فورس میجر) کے خاتمے کے بعد نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز بحال کیے جا سکتے ہیں تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ستمبر میں سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: روٹی 25 روپے کی جائے: نان ایسوسی ایشن کا مطالبہ
قطر نے ایل این جی سپلائی سے متعلق اگست تک فورس میجر نافذ کر رکھا ہے جس کے باعث پاکستان کو گیس کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، توقع ہے کہ پابندی ختم ہونے کے بعد ستمبر میں سپلائی معمول پر آنا شروع ہو جائے گی۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں بجلی کے شعبے کی جانب سے ایل این جی کی طلب میں بھی کمی متوقع ہے جس سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی دستیابی بہتر ہونے کے امکانات پیدا ہوں گے، تاہم نئے کنکشنز کی بحالی کا فیصلہ دستیاب ایل این جی، طلب اور مجموعی سپلائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایل این جی کی فراہمی میں تعطل کے باعث حکومت نے مئی 2026 میں نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز کے اجراء پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔