گھریلو گیس کنکشنز پر ستمبر میں پابندی ختم ہونے کا امکان
ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قطر کا ایل این جی فورس میجور ختم ہوتے ہی ایل این جی کے گھریلو کنکشنز پر پابندی کا خاتمہ کر دیا جائے گا،ستمبر تک ایل این جی کے گھریلو کنکشنز پر پابندی ختم ہونے کا قوی امکان ہے۔
قطر نے ایل این جی سپلائی سے متعلق آئندہ ماہ اگست تک فورس میجور کا اعلان کر رکھا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ قطر کا فورس میجور ختم ہونے سے ستمبر میں ایل این جی سپلائی میں بہتر ی آ جائے گی،ستمبر میں پاور سیکٹر کی ایل این جی ڈیمانڈ میں بھی کمی ہو جائے گی۔
اس حوالے سے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایل این جی کنکشنز پر پابندی ہٹانے سے متعلق حتمی فیصلہ سپلائی کی صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایل این جی سپلائی معطلی کے بعد حکومت کی جانب سے مئی میں ایل این جی کنکشنز روک دیئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی اور گیس کنکشنز کی تبدیلی کا نیا طریقہ کار جاری
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل حکومت نے گزشتہ برس ستمبر میں گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس وقت وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ عوامی سہولت کیلئےآر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہو گی، پہلے سے درخواست دہندگان کو آرایل این جی پرمنتقلی کی تجویز دی جائے گی۔