ڈی آئی خان میں فائرنگ اور دستی بم حملہ، 6 افراد جاں بحق
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ہنیالہ شاہ حسن خیل میں پیش آیا جہاں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم نے شدت اختیار کر لی۔
فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد میں عطاءاللہ گروپ کے 5 افراد جبکہ مخالف گروپ کا ایک شخص شامل ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں کشیدگی کے باعث اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب کڑی خیسور کے علاقے وانڈہ علی میں نامعلوم افراد نے اقبال نامی شخص کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔
حملے کے نتیجے میں دو بچے اور ایک خاتون زخمی ہو گئی جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی خواتین کیس، رضا ڈار و دیگر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان، لواحقین اور اہل علاقہ نے ایس پی پہاڑپور کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری، متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کرنے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وانڈہ علی میں دستی بم حملے اور فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔