غیر ملکی خواتین کیس: رضا ڈار و دیگر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
دو غیر ملکی لڑکیوں سےمبینہ زیادتی اور اغوا کے کیس میں گرفتار ملزمان رضا ڈار، سکندر خان، حسن رضا اور ساجد علی کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پولیس نے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود کی عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان سے لیپ ٹاپ، اسلحہ اور گاڑی کی برآمدگی کرنی ہے، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 9 دن کی توسیع دی جائے۔
مقدمہ میں گرفتار ملزمان سکندر اور ساجد کی جانب سے وکیل سلمان شاہد عدالت پیش ہوئے، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ملزم ساجد سکیورٹی گارڈ اور غریب گھرانے سے تعلق رکھتاہے جبکہ سکندر کا ذاتی کاروبارہے، دونوں ملزم مقدمے میں نامزد نہیں، بلکہ انہیں ضمنی بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی خواتین کیس، وزیراعلیٰ نے قانون کیمطابق کارروائی کی ہدایت کی، ڈی آئی جی
وکیل نے کہا کہ بڑے ملزموں کو بچانے کے لیے غریبوں کو پھنسایا جارہا ہے، مرکزی ملزم باس ہے مگر اسے ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کے احکامات جاری کر دیے۔