آزاد کشمیر: تحریک انصاف کے متعدد رہنما ن لیگ میں شامل
لیگی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر کے متعدد رہنماؤں نے اسلام آباد میں سینیٹر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا وفد بھی موجود تھا، ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات، مجموعی سیاسی صورتحال اور انتخابی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں لیگی وفد نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور امن و امان کے معاملات سے متعلق رانا ثناء اللہ کو آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں انتخابی مہم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تنظیمی تیاریوں کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنی آزادانہ رائے کے مطابق نمائندے منتخب کرنے کے لیے سازگار، پرامن اور شفاف ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر، ن لیگ نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرا دی
وفاقی وزیر نے آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، غیرجانبدار اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ ہر صورت یقینی بنائی جائے گی کیونکہ قابلِ اعتماد اور شفاف انتخابات ہی عوامی اعتماد اور جمہوری نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔