پنجاب: پیدائشی سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن فی ختم کرنے کی تیاری
سرکاری حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ہر بچے کو پیدائش کے فوراً بعد قانونی شناخت فراہم کرنا اور سول رجسٹریشن کے عمل کو شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن فیس ختم ہونے سے والدین پر مالی بوجھ کم ہو گا جبکہ بچوں کی پیدائش کا درست، مکمل اور بروقت ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے برتھ رجسٹریشن فیس کے مستقل خاتمے سے متعلق اہم سمری منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ پنجاب بھر میں بچوں کی پیدائش کے اندراج پر عائد فیس کو مستقل بنیادوں پر ختم کر دیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے خاص طور پر وہ خاندان فائدہ اٹھائیں گے جو مالی مشکلات کے باعث بچوں کی پیدائش کا اندراج بروقت نہیں کرا پاتے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پنجاب کابینہ نے عوامی سہولت کے پیش نظر برتھ رجسٹریشن فیس میں صرف ایک سال کے لیے عارضی چھوٹ کی منظوری دی تھی تاہم اب حکومت اس رعایت کو مستقل پالیسی کا حصہ بنانے جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کا ب فارم کب اور کیسے بنوانا ہے؟ نادرا نے طریقہ کار بتا دیا
ذرائع کے مطابق سمری چیف سیکرٹری پنجاب کے دفتر سے منظوری کے مراحل مکمل کرتے ہوئے حتمی فیصلے کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بھجوا دی گئی ہے، صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے کے بعد صوبے میں بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کی شرح میں نمایاں اضافہ ہو گا۔