ن لیگ کو بڑا دھچکا، اہم رہنما نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما بریگیڈیئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے انتخابی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی بنیادی رکنیت سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا تحریری استعفیٰ ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو بھجوا دیا۔
اپنے استعفے میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد خان نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی قیادت نے ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کو نظر انداز کیا جس سے حلقے کے ہزاروں کارکنوں میں شدید مایوسی پھیلی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ میں عوام اور کارکنوں کی بھرپور حمایت کے باوجود انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔
ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا نعرہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ تھا، مگر ٹکٹ کے فیصلے میں کارکنوں کی رائے اور عوامی حمایت کو اہمیت نہیں دی گئی۔
ان کے مطابق پارٹی قیادت کے اس فیصلے سے کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی اور پارٹی نے شفافیت، میرٹ اور جمہوری اصولوں سے انحراف کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ممبر قانون ساز اسمبلی چودھری شہزاد ن لیگ میں شامل
انہوں نے کہا کہ مسلسل ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا، تاہم انہوں نے مسلم لیگ ن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ ن باغ کے درجنوں مرکزی عہدیدار اور رہنما بھی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے، جس سے حلقہ ایل اے 15 میں انتخابی صورتحال مزید دلچسپ ہو سکتی ہے۔