پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی
پی ٹی اے حکام کے مطابق موبائل نمبر آج کے دور میں صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت بھی بن چکا ہے، اس لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک فعال، رجسٹرڈ اور بائیومیٹرک تصدیق شدہ سم سے منسلک ہو۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایسی سم پر چل رہا ہے جو بند، ڈی ایکٹیویٹ یا بلاک ہو چکی ہے تو مستقبل میں اسے اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔
ایسی صورت میں صارف اچانک واٹس ایپ سے لاگ آؤٹ ہو سکتا ہے یا اکاؤنٹ کی دوبارہ تصدیق کے عمل میں رکاوٹ کا سامنا کر سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر چیک کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر اسی سم سے منسلک ہے جو ان کے زیر استعمال اور فعال ہے۔
غیر فعال سم استعمال کرنے والے صارفین کو چاہیے کہ وہ بغیر تاخیر فعال سم پر منتقل ہوں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ موبائل کمپنی کی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کی موبائل فون صارفین کو سمز کے حوالے سے خاص تنبیہ
حکام کے مطابق صارفین اپنی سم کی بائیومیٹرک تصدیق اور توثیق مکمل کرائیں تاکہ واٹس ایپ اکاؤنٹ، رابطوں، ذاتی ڈیٹا اور ڈیجیٹل شناخت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ معمولی غفلت صارفین کے لیے بڑے مسئلے کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے شہری اپنے موبائل نمبر اور واٹس ایپ اکاؤنٹ کی معلومات بروقت درست اور محفوظ رکھیں۔