تیل قیمتوں میں کمی سے متعلق اچھی خبر آئے گی، وزیر پٹرولیم
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام نے امریکا ایران جنگ کی وجہ سے بہت تکلیف اٹھائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کا بجٹ متاثر ہوا، وعدہ ہے اور وزیر اعظم کی ہدایت بھی ہے کہ جس حد تک ممکن ہوا قیمتیں کم کریں گے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں میں ایران کا خام تیل دستیاب ہو گا، اسی امید پر عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت 225 روپے لٹر؟ بڑا مطالبہ آگیا
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے جمعہ 19 جون کو ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی جمعہ کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف بڑے مظاہرے کرے گی، اب پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے کی کمی سے کام نہیں چلے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وقت آگیا ہے فوری طور پر پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر پر لائی جائے، پٹرول کی قیمتوں کو تین سال کے لیے منجمد کیا جائے، ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت مسلسل گر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے خزانے کے لئے فی لٹر پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکسز وصول کر رہی ہے ، پٹرول پر لیوی کی فوری کٹوتی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے، پاکستان کے غریب اور مڈل کلاس عوام کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے؟