پٹرول کی قیمت 225 روپے لٹر؟ بڑا مطالبہ آگیا
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے جمعہ 19 جون کو ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی جمعہ کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف بڑے مظاہرے کرے گی، اب پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے کی کمی سے کام نہیں چلے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وقت آگیا ہے فوری طور پر پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر پر لائی جائے، پٹرول کی قیمتوں کو تین سال کے لیے منجمد کیا جائے، ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت مسلسل گر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے خزانے کے لئے فی لٹر پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکسز وصول کر رہی ہے ، پٹرول پر لیوی کی فوری کٹوتی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف کا امکان
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے، پاکستان کے غریب اور مڈل کلاس عوام کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے؟
امیر جماعت اسلامی نے عوام خصوصاً نوجوانوں سے 19 جون کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔