پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف کا امکان
تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مثبت سفارتی پیش رفت کے اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جس کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے تاحال قیمتوں میں کمی کے حوالے سے باضابطہ ورکنگ مکمل نہیں کی، تاہم حکومت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ موجودہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا۔
ورکنگ مکمل ہونے کے بعد سمری وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی، جن کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 7 فیصد سے زائد کم ہو چکی ہے۔ امریکی خام تیل 79 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل تقریباً 81 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:200 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی، خوش نصیبوں کا اعلان
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں یہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔