موٹروے پر تمام گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی لازمی قرار
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدام حادثات کے دوران گاڑیوں میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کو دیکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں اور قیمتی املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اس فیصلے کے تحت موٹروے پولیس نے ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم بھی شروع کر دی ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی، اس مہم میں ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو آگ بجھانے والے آلات کی اہمیت، درست استعمال اور ان کی فعالیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں میں معیاری اور فعال فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی ہر صورت ضروری ہے اور ڈرائیورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنے آلات کی میعاد اور کارکردگی لازمی چیک کریں، غیر فعال یا زائد المیعاد آلات کو ناقابل قبول قرار دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 24 جون کے بعد ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور فائر سیفٹی آلات کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
علاوہ ازیں آگ بجھانے والے آلات کے بغیر والی گاڑیوں کو موٹرویز میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔