موٹروے پر مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
ترجمان موٹروے سنٹرل ریجن عمران احمد نے بتایا کہ مسافر بس میں آگ لگنے کا واقعہ شور کوٹ کے قریب پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے بس میں سوار تمام 34 مسافر محفوظ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے اطلاع ملتے ہی بروقت کارروائی کرتے ہوئے بسم میں سوار تمام مسافروں اور عملہ کو بحفاظت نکال لیا ۔
ترجمان موٹروے سنٹرل ریجن کا کہنا تھا کہ مسافر بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس میں آگ موٹروے ایم 4 شورکوٹ کے قریب لگی تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی ہدایات جاری
عمران احمد کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کےباعث بس میں موجود تمام 34 مسافر، سامان اور عملہ محفوظ رہا، آگ پر قابو پا لیا گیا، واقعہ کے بعد موٹروے ایم 4 پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہے جبکہ جلنے والی بس کو ریکور کیا جا رہا ہے۔
موٹروے پولیس نے بس کمپنی کو ہدایت دی کہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچنے کے لیے تمام بسوں کا الیکٹریکل اور مکینیکل چیک اپ وقت پر کروایا جائے۔