پنجاب بجٹ: تنخواہوں میں 7، پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ تجویز

پنجاب اسمبلی میں وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مالی سال 27-2026 کا 5 ہزار 903 ارب روپے حجم کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا۔
فوٹو سکرین گریب
Updated 19 گھنٹے قبل | Published June, 16 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب اسمبلی میں وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مالی سال 27-2026 کا 5 ہزار 903 ارب روپے حجم کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایک گھنٹہ چالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جس کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کی ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف بھی ایوان میں موجود تھیں۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا، اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور ایوان میں داخل ہوتے ہی نعرے بازی شروع کر دی۔

اپوزیشن کا احتجاج

اپوزیشن ارکان نے "شرم کرو، حیا کرو، خان کو رہا کرو" کے نعرے لگائے جبکہ انہوں نے ہاتھوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مبنی پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بجٹ تقریر کے آغاز پر ایران امریکا معاہدے میں پاکستان کے مثبت کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کومعاشی استحکام کی جانب گامزن کیا، حکومت نے تمام غیرضروری اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کی، عوام کو سستا پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کیلئے 25 ارب وفاقی حکومت کو دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کا اجلاس، بجٹ 27-2026 کی منظوری

مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ 2025 کےدوران تاریخی سیلاب سے پنجاب کے 27 اضلاع متاثر ہوئے،متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات، صاف پانی،رہائش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، 30 لاکھ سے زائد جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نےکسان کے ساتھ دیہی معیشت کو بھی بڑے نقصان سے بچایا، سیلاب بحالی پروگرام پر 79 ارب 78 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، ہم نے ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا۔

تنخواہوں و پنشن میں اضافہ

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ 27-2026 کے بجٹ کا کل حجم 5 ہزار 903 ارب 46 کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کی پنشن میں 3.5 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی امور کیلئے 752 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، صوبائی آمدن کا ہدف 1209 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، بورڈآف ریونیو کا ہدف 86 ارب 19 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، تعلیمی شعبے کیلئے 750 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صحت کا بحٹ

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی اور جدید تعلیم کا فروغ یقینی بنایا جائے گا،لیپ ٹاپ سکیم کیلئے 27 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، ہونہار سکالر شپ پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے غذائیت پروگرام کیلئے 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کالجز میں 244 آئی ٹی لیبز کے قیام کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع ہو گا، شعبہ صحت کیلئے مجموعی بجٹ کا 10 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ کلینک آن وہیلز منصوبے کیلئے 3 ارب 85 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، پنجاب میں ایئر ایمولینس سروس چلائی جا رہی ہے، 4 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے ہر ڈویژن میں آٹزم سکول بنائے جائیں گے، بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال بنانے کی تجویز ہے۔

ٹرانسپورٹ و ماحولیات پروگرام

مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں محکمہ ماحولیات کیلئے 17 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، ٹرانسپورٹ کیلئے 2 ہزار الیکٹرک بسوں کا منصوبہ ہے جس کیلئے 168 ارب کی رقم رکھی گئی ہے،جنوبی پنجاب میں 12 ہزار ایکڑ بنجر زمین پر درخت لگانے کا منصوبہ ہے، شجرکاری مہم میں ایک کروڑ سے زائد درخت 8 ارب کی لاگت سے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی بہتری کیلئے 100 ارب روپے لاگت سے منصوبہ متعارف کیا جائے گا، سی ایم فری سولر پینل سکیم کیلئےآئندہ سال 90 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، سکل ڈویلپمنٹ کیلئے 26 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مریم نواز سپورٹس سٹی لاہور کیلئے 50 ارب روپے ،فلم سٹی پروگرام کیلئے 55 ارب روپے ، محکمہ ماحولیات کیلئے 17 ارب 20 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ویمن ڈویلپمنٹ پروگرام

ان کا کہنا تھا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک ارب روپے کی لاگت سے ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے گئے، خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کیلئے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے،ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام کیلئےآئندہ مالی سال میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں، ویمن ایمپاورمنٹ کیلئے 2 ارب 35 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ لائیو سٹاک ایسٹ ٹرانسفر پروگرام کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ڈی جی خان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، ڈی جی خان ویمن یونیورسٹی پر تقریباً 55 کروڑ روپے لاگت آئےگی۔

سیف سٹیز پراجیکٹ

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس سکیورٹی اداروں کیلئے 252 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سمارٹ سیف سیٹیز منصوبوں سے 19 اضلاع مستفید ہوں گے، جدید نگرانی کے نظام سے بالآخر صوبے کی بڑی آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بتایا کہ 28 اضلاع میں کرائم سین یونٹس کے قیام کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، کرائم سین یونٹس کے قیام پر 14 ارب 21 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، شواہد کے تحفظ، ذخیرہ اور منتقلی کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

اس کو بھی پڑھیں: امید کا بجٹ ہے،اپنی عوام کو اپنے ہی وسائل سے ریلیف دینگے: مریم نواز

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کیلئے 803 ارب 88 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کیلئے 4 ہزار 390 ارب 94 کروڑ روپے منتقلی کا تخمینہ ہے، فیصل آباد، وہاڑی اور رحیم یار خان میں صنعتی اسٹیٹ بنائے جائیں گے، صوبائی معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جائیں گے۔

زرعی پروگرام

انہوں نے کہا کہ کسان پروگرام کیلئے 9 ارب 86 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جائے گی، 10 لاکھ کسانوں کو ادیات اور کھاد کی خریداری کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی، زرعی شعبے میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 132 ارب 54 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکوا کلچر و فشریز کے لئے 15 ارب 30 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جنگلات اور جنگلی حیات کے لئے 8 ارب 10 کروڑ روپے ،لیبر و ہیومن ریسورس کے لئے 63 کروڑ روپے ، کواپریٹو کے لئے 25 کروڑ، انفارمیشن و کلچر کے لئے چھ ارب 70 کروڑ کی تجویز ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پولیس کے لئے 12 ارب 88 کروڑ روپے ، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے لئے دو ارب روپے ، عدلیہ کے لئے تین ارب روپے ، قانون و پارلیمانی امور کیلئے دو ارب 20 کروڑ روپے ، پبلک پراسیکیوشن کے لئے 83 کروڑ روپے ، پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے لئے دس کروڑ روپے، بورڈ آف ریونیو کے لئے 18 ارب 95 کروڑ مختص کیے جائیں گے۔

ایجوکیشن

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے لئے ایک ارب چھ کروڑ روپے ، ایس اینڈ جی اے ڈی کے لئے تین ارب 12 کروڑ روپے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے 83 کروڑ روپے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے لئے 20 کروڑ روپے، پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے لئے 25 ارب 35 کروڑ ، سکول ایجوکیشن کے لئے 25 ارب 30 کروڑ ، ہائر ایجوکیشن کے لئے 30 ارب 50 کروڑ ، سپیشل ایجوکیشن کے لئے تین ارب 70 کروڑ روپے اور لٹریسی اینڈ نان فارمل کے لئے تین ارب 80 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق سپورٹس ایند یوتھ افئیرز کے لئے 5 ارب 50 کروڑ روپے ، سپیشلائزد ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کیلئے 43 ارب 10 کروڑ ، ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے لئے 33 ارب 20 کروڑ، ایمرجنسی سروسز 1122 کے لئے 80 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل ویلفیئر کے لئے 20 ارب ، لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لئے 115 ارب 50 کروڑ روپے ، اوقاف و مذہبی امور کیلئے 30 ارب او رکمیونی کیشن اینڈ ورکس کے لئے 74 ارب 10 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ 

کرنسی، دھاتوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ
Currency → PKR
Date Pair Rate
2026-06-09 USD to PKR 278.18
2026-06-09 EUR to PKR 321.90
2026-06-09 GBP to PKR 372.48
Current Metals
Date Metal Unit Price
No current metal rates available.
Current Petrol
Date Fuel Type Price
2026-06-16 Petrol (Super) 373.78
2026-06-16 High Octane (HOBC) 445.00
2026-06-16 High-Speed Diesel (HSD) 378.78
ضرور پڑھیں