بی آئی ایس پی کی سہ ماہی قسط 18 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ
پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب خاندانوں کی عزت نفس اور معاشی خودمختاری کا ضامن ہے اس کےخلاف منفی پروپیگنڈہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی قسط 18ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جولائی سے بی آئی ایس پی کی تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کمی
یاد رہے کچھ روز قبل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ جن افراد کے بیانات سے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، انہیں معذرت کرنی چاہیے، یہ کہنا درست نہیں کہ بی آئی ایس پی لوگوں کو بھکاری بنا رہا ہے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ یہ پروگرام ان افراد کے لیے ہے جو محنت مزدوری کر کے روزگار کماتے ہیں، لیکن جب انہیں مالی معاونت کی ضرورت پیش آتی ہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان کی عزتِ نفس مجروح کیے بغیر ان کی مدد کرے، بی آئی ایس پی لوگوں کو بھکاری نہیں بناتا بلکہ انہیں بھکاری بننے سے بچاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ریمارکس توہین آمیز ہیں اور کسی کو بھی دوسروں کی تضحیک کا حق حاصل نہی، جن خاندانوں کے جذبات ان بیانات سے مجروح ہوئے ہیں، ان سے معذرت کی جائے۔