بے نظیر انکم سپورٹ کے مستحقین کیلئے خوشخبری
نئے نظام کے پہلے مرحلے میں کیش ادائیگی کے روایتی طریقے کو ختم کیا جائے گا، اس کے بعد مستحقین کو طویل قطاروں اور پیچیدہ نقد وصولی کے عمل سے نجات مل جائے گی، کیونکہ مالی امداد براہِ راست بینک اکاؤنٹس یا موبائل والٹس میں منتقل کی جائے گی۔
دوسرے مرحلے کے مطابق یہ پورا نظام خودکار ہوگا جس میں کسی بھی مستحق فرد کو دفتر جانے، درخواست دینے یا فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، اہل افراد کو ڈیٹا بیس کے ذریعے خودکار طور پر بینک یا موبائل والٹ سے منسلک کر دیا جائے گا اور عمل مکمل ہونے پر انہیں اطلاع بھی دی جائے گی۔
تیسرے مرحلے میں مختلف بینکاری اور ڈیجیٹل سروسز کو اس نظام میں شامل کیا جا رہا ہے جن میں حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، حبیب بینک لمیٹڈ کنیکٹ، جازکیش اور ایزی پیسہ جیسے پلیٹ فارم شامل ہوں گے، ہر ضلع کے حساب سے مستحقین کو مخصوص سروس سے منسلک کیا جائے گا۔
چوتھے مرحلے میں ادائیگی کے حصول کیلئے بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھے کے نشانات لازمی قرار دئیے گئے ہیں، تصدیق مکمل ہونے کے بعد مستحقین اپنی رقم بینک برانچز، اے ٹی ایمز یا مجاز ریٹیل پوائنٹس سے حاصل کر سکیں گے۔
پانچویں مرحلے میں اس ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جن میں رقم کی منتقلی، موبائل والٹ کے ذریعے لین دین اور مخصوص دکانوں سے براہِ راست خریداری جیسی سہولیات شامل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاسپورٹ اب گھر کی دہلیز پر پہنچے گا
چھٹے اور آخری مرحلے کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ اگلی قسط کی ادائیگی کا انحصار والٹ سسٹم اور سم انٹیگریشن کی مکمل تیاری پر ہے، اسی وجہ سے اگلے ادائیگی کے شیڈول کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا جبکہ اس وقت سارا فوکس بی آئی ایس پی ڈیجیٹل والٹ سسٹم کی مکمل تیاری پر ہے۔