پاسپورٹ اب گھر کی دہلیز پر پہنچے گا
شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بچانے کیلئے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تیار شدہ پاسپورٹ براہِ راست درخواست گزار کے گھر پہنچایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے مختلف منصوبوں اور خصوصاً ڈیجیٹل ایپ کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مزید سہل اور مؤثر بنانے کیلئے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
اس اقدام سے ملک بھر کے شہریوں کو خاص طور پر بزرگ افراد، خواتین اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ کی محفوظ اور بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سروس کے آغاز کے بعد درخواست گزاروں کو پاسپورٹ وصول کرنے کیلئے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈرگ کوئین انمول پنکی کے 7 قریبی ساتھیوں نام سامنے آگئے
حکومت کی جانب سے یہ اقدام سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل اور عوام دوست بنانے کی پالیسی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ نئی سروس کے آغاز سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید تیز، شفاف اور آسان ہو جائے گا، جس سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔